• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعلیٰ سندھ کی چینی قونصل خانے آمد، وین دھماکے میں ہلاکتوں پر اظہارِ افسوس

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کراچی میں چینی قونصل خانے پہنچے جہاں انہوں نے چینی قونصل جنرل کو کراچی یونیورسٹی میں ہونے والے وین دھماکے کے حوالے سے بریف کیا جبکہ قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا۔ 

خیال رہے کہ جامعہ کراچی میں وین میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں تین چینی شہری جاں بحق ہوگئے تھے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ نے چینی قونصل جنرل کو واقعہ کی مکمل طور پر تحقیقات کی یقین دہائی کرواتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں ملوث افراد کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم چینی ماہرین کی ملک و صوبے میں خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، کچھ سازشی عناصروں کو پاکستان اور چین کی شراکت داری پسند نہیں۔

سید مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اس قسم کی سوچ اور کرداروں کو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

واقعے کے فوری بعد چینی قونصل خانے آنے پر قونصل جنرل نے وزیراعلیٰ سندھ کا شکریہ ادا کیا۔  

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے چینی قونصل جنرل کو بتایا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی واقعے پر دکھ کا اظہار کیا ہے۔

وزیرِاعلیٰ نے قونصل جنرل کو بتایا کہ وزیرِاعظم نے بھی فون کر کے واقعے کے تفصیلات لیں۔ 

اس موقع پر چیف سیکریٹری سبیل راجپوت اور آئی جی سندھ پولیس مشتاق مہر بھی موجود تھے۔

قومی خبریں سے مزید