دفتر خارجہ نے جامعہ کراچی میں ہونے والے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے پاک چین دوستی اور جاری تعاون پر براہ راست حملہ قرار دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے قابلِ مذمت دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حملے میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں کام کرنے والے چینی شہریوں سمیت دیگر معصوم افراد کی جانیں گئیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان اور عوام جاں بحق ہونے والوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔
عاصم افتخار نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں، دھماکے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بزدلانہ واقعہ پاک چین دوستی اور جاری تعاون پر براہِ راست حملہ ہے، پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان چینی شہریوں، منصوبوں اور پاکستان میں اداروں کی حفاظت کو بہت اہمیت دیتا ہے۔