• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول ملکی تاریخ کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بن گئے

اسکرین گریب
اسکرین گریب

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ملک کے 37 ویں وزیر خارجہ بن گئے، وہ ملکی تاریخ کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بنے ہیں۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے نانا شہید ذوالفقار علی بھٹو پاکستان کے 12ویں وزیر خارجہ تھے.

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کو ملکی تاریخ کا کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز بھی حاصل ہوا ہے۔

بلاول بھٹو زرداری نے 33 برس، 7 ماہ اور 6 دن کی عمر میں حلف اٹھا کر پاکستان کے کم عمر ترین وزیر خارجہ بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

شہید ذوالفقار علی بھٹو کی بطور وزیر خارجہ حلف اٹھانے کے وقت عمر 35 برس، 5 ماہ اور 10 دن جبکہ حنا ربانی کھر کی عمر 33 سال، 8 ماہ اور ایک دن تھی۔

واضح رہے کہ آج ایوانِ صدر اسلام آباد میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے حلف لیا۔

صدر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی وزیر بلاول بھٹو سے حلف برداری کے بعد مصافحہ کیا۔

بلاول بھٹو زرداری کی حلف برداری کی تقریب میں صدر پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین آصف علی زرداری اور آصفہ بھٹو زرداری موجود تھے۔

تقریب حلف برداری میں وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ، نوید قمر، شیری رحمٰن، خورشید شاہ، وزیر مملکت خارجہ حنا ربانی کھر اور سلیم مانڈوی نے بھی شرکت کی۔

بلاول بھٹو کی حلف برداری کی تقریب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی بہن محترمہ صنم بھٹو نے بھی خصوصی شرکت کی۔

قومی خبریں سے مزید