• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی میں خودکش بم دھماکے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی تھانہ میں درج

کراچی یونیورسٹی میں گزشتہ روز ہونے والے خودکش بم دھماکے کا مقدمہ انسداد دہشت گردی تھانے میں درج کر لیا گیا ہے۔ ایف آئی آر نمبر 30/2022 میں مبینہ ٹاون تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر بشارت حسین مدعی ہیں۔

 ایف آئی آر زیر دفعہ 302، 324، 427، 190، 34 ایکسپلوزیو ایکٹ 3/4 مجریہ 1908 اور 7 اے ٹی اے مجریہ 1997 درج کی گئی ہے۔

 ایف آئی آر کے مطابق وقوعہ 26 اپریل 2022 کی دوپہر لگ بھگ دو بجے کراچی یونیورسٹی کے اندر مسکن چورنگی آئی بی اے کیمپس کے قریب کنفیوشس انسٹیٹیوٹ میں پیش آیا۔



 مدعی مقدمہ کے مطابق اسے دوپہر دو بج کر آٹھ منٹ پر بم دھماکے کی اطلاع ملی۔ وہ سوا دو بجے یونیورسٹی میں پہنچا تو ٹیوٹا ہائی ایس میں آگ لگی ہوئی تھی۔ قریب ہی موجود موٹرسائیکل میں بھی آگ لگی ہوئی تھی۔

 فائر بریگیڈ کو طلب کرکے آگ بجھائی گئی اور وین  کے اندر سیٹوں پر سے تین افراد کی سوختہ لاشیں نکالی گئیں۔

 مدعی کے مطابق بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کرکے جائے وقوعہ کا معائنہ کروایا گیا، تجزیہ کے لئے کچھ نمونے حاصل کیے گئے۔

 مقدمے میں کالعدم بی ایل اے کے عہدیداروں کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے کی تفتیش سی ٹی ڈی کے القاعدہ داعش یونٹ کراچی کے انچارج انسپکٹر ثناءاللّٰہ کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید