اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی نے آج کا اسمبلی اجلاس ملتوی کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی کے افسران کو پولیس کے ذریعے ہراساں کیا جا رہا ہے، کچھ افسران گرفتار کر لئے گئے ہیں۔
پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ناگفتہ بہ حالات کی وجہ سے آج کا اجلاس منعقد کرنا ممکن نہیں تھا۔
چوہدری پرویز الہٰی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے بہت سے مزید افسران کو پولیس گرفتار کرنے کیلئے چھاپے مار رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 16اپریل کے اجلاس کے دوران پولیس نے ایوان میں گھس کر اراکین پر تشدد کیا، ایک رکن اسمبلی تشدد کی وجہ سے آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ گزشتہ ساڑھے تین سال ایسے حالات پیدا نہیں ہوئے، جو شریفوں نے اقتدار ملنے کے چند دنوں میں پیدا کر دیئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اجلاس سوموار 16مئی دن ساڑھے 11 بجے تک کے لئے ملتوی کیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔