• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعودیہ سے ملوث افراد کیخلاف کارروائی کی درخواست کر رہے ہیں: رانا ثناء اللّٰہ

وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کا کہنا ہے کہ سعودی حکام سے درخواست کرنے جار ہے ہیں کہ مسجدِ نبوی ﷺ میں پیش آنے والے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کریں۔

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرِ داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان اور سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید ریکارڈ پر ہیں، کیسے مسجدِ نبویﷺ کے واقعے کی منصوبہ بندی کی گئی، باقاعدہ طور پر کہا گیا کہ دیکھیے گا کل ان کے ساتھ کیا سلوک ہوتا ہے، چاہوں تو شیدا ٹلی کی ٹلی کھڑکائی جا سکتی ہے لیکن یہ مناسب نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سو پچاس بندے جمع کر کے بھیج دینا اور کسی کو گالیاں دلوانا تو کوئی مشکل نہیں، بڑا آسان کام ہے، مگر اس سے سیاست مشکل ہو جائے گی، سیاست پھر کسی اور طرف نکل جائے گی، یہ پارلیمانی سسٹم کے لیے بہتر نہیں، ایسا کرنا پارلیمانی جمہوریت کے لیے بہتر ہے نہ ملک کے لیے۔

رانا ثناء اللّٰہ خان نے کہا کہ جمہوری روایات کے مطابق مقابلہ کریں، کسی کو حدود پار نہیں کرنے دیں گے، خان صاحب نفرتیں بانٹنے سے صرف تباہی ہوتی ہے، عمران خان کی سیاست جمہوری نہیں وہ فاشزم چاہتے ہیں، یہ کہتے ہیں کہ ہمارا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ ہم نے گھروں سے نکل کر تمام مقدمات اور ظلم کا سامنا کیا، ایک لمحہ بھی ہماری استقامت میں لغزش نہیں آئی، ہم نے تو گھروں سے نکل کر ان کے کیسز کا سامنا کیا ہے، ہمارے خلاف سزائے موت کے جھوٹے کیسز بنائے گئے، یہ غلط فہمی آپ کو کس نے ڈال دی کہ گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا، یہ غلط فہمی ہے کہ ہمارا گھروں سے نکلنا مشکل ہو جائے گا، آپ کا اپنا نکلنا مشکل ہو جائے گا۔

وزیرِ داخلہ نے کہا کہ مجھ پر بہت پریشر ہے، میں نے ہر بندے کو منع کیا، میں نے کہا کہ ہمارے کسی کارکن نے کوئی ایکشن لیا تو پارٹی ڈسپلن کا ایکشن ہو گا، جو یہاں کہتے رہے ہیں ان کو پتہ چل جائے گا، آپ ایک لمٹ تک رہیں ورنہ آپ کو بھی پتہ چل جائے گا، ہمارے حوصلے اور استقامت کا آپ نے 4 سال امتحان لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ کرنا ہے تو جمہوری روایات کے مطابق کریں، جمہوری روایات کے مطابق مقابلہ کریں، لیکن لمٹس کو کراس نہ کریں، عمران نیازی کبھی کرپشن اسکینڈلز سے بچنے کے لیے سازش کا ڈرامہ رچاتے ہیں، کبھی عوام سے کہتے ہیں کہ آپ کی شادیاں نہیں ہوں گی، حالانکہ خود کی تو 65 سال کی عمر میں ہو گئی۔

رانا ثناء اللّٰہ نے یہ بھی کہا کہ ووٹ لینے کے لیے تو آپ نے بھی جانا ہے، اگر اس قسم کا ماحول پیدا کریں گے تو آپ کو بھی سامنا کرنا پڑے گا، ہماری طرف سے نہ پہلے کبھی پہل ہوئی نہ اب ہو گی، پہل کے بعد جب دوسرا تیسرا چوتھا مقام آتا ہے تو بہت پریشر ہوتا ہے، پھر مشکل ہو جاتا ہے۔

قومی خبریں سے مزید