وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک قرض کی فراہمی کے طریقہ کار مزید سہل بنانے کے اقدامات کرے۔
وزیراعظم کی زیر صدارت جائزہ اجلاس ہوا، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار اور زرعی قرض کی فراہمی کا طریقہ کار آسان بنانے کے اقدامات کیے جائیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ زراعت میں جدت کے لیے ترجیحی بنیادوں پر قرض کی فراہمی یقینی بنائی جائے، معاون خصوصی ہارون اختر سمیڈا ٹیم کے ساتھ جی بی، کشمیر اور صوبوں میں جائیں۔
انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاروبار کی سہولت کے لیے صوبوں سے مل کر جامع پالیسی بنائیں، نوجوانوں کو انٹر پرنیورشپ کی تربیت دی جائے تاکہ نئے کاروبار شروع ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئے کاروبار شروع ہونے سے ملک میں معاشی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا، نجی شعبے اور چھوٹے کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی کے حصول کے لیے قرض کی فراہمی میں سہولت حکومت کی اولین ترجیحات میں ہے۔