چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے اسلام آباد میں چینی سفارتخانےکا دورہ کیا جہاں اُن کے ہمراہ شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم خان سوری بھی تھے۔
عمران خان نے چینی سفارتخانے کی ناظم الامور سے ملاقات کی، ملاقات میں چینی اساتذہ کی اموات پر گہرے رنج اور دکھ کا اظہار کیا گیا۔
اس موقع پر عمران خان نے کہا کہ چین ایک مہربان ہمسایہ دوست ہے، پاکستان اور چین کے درمیان بڑھتی شراکت داری دشمنوں کی آنکھوں میں کھٹکتی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام باہم مل کر فتنہ پرور عناصر کو شکست دیں گے، چینی حکومت اور عوام کے ساتھ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔
چینی ناظم الامور نے عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد کی آمد کا شکریہ بھی ادا کیا۔