سندھ اسمبلی میں اراکین اسمبلی کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ایوان میں موجود کسی رکن نے بل کی مخالفت نہیں کی۔
سندھ اسمبلی میں اراکین کی تنخواہوں اور مراعات میں اضافے کا بل صوبائی وزیر داخلہ ضیا لنجار نے پیش کیا جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
تمام ارکان نے ڈیسک بجا کر بل کی حمایت کی۔ ایوان کی صورتحال اس وقت دلچسپ ہوگئی جب سنیئر وزیر شرجیل میمن نے ناروے میں لیاری کے نوجوان بچوں کا میچ جیتنے پر انعام کا اعلان کیا جس پر آغا سراج درانی نے شرجیل انعام کو مشورہ دیا کہ وہ لیاری کے بچوں کو ریڈ بس دیں۔
ایوان نے انٹرمیڈیٹ بورڈ کے چیئرمین کی تعیناتی اور انسداد دہشت گردی ترمیمی بل بھی اکثریتی رائے سے منظور کرلیا۔
صوبائی وزیر ضیاء لنجار نے اینٹی ٹیرارزم سندھ ترمیمی بل2025 بھی اسمبلی میں پیش کیا، جسے متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا۔
ضیاء لنجار نے کہا کہ ہائیکورٹ کسی ایک شخص کا نام بھیجتی ہے جج لگانے کا تو ہمیں مشکل ہوتی ہے، ہمارے پاس زیادہ آپشن ہونے چاہیئں،جبکہ ججز کی ریٹائرمنٹ کی عمر 65 ہے۔
وزیر پارلیمانی امور سندھ ضیاء لنجار نے کہا کہ انسداد دہشتگردی عدالت میں 72 سال کی عمر کےجج بھی لگے ہوتے ہیں، اس سے ہمیں مشکل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
اسپیکر اسمبلی نے بروز پیر گیارہ اگست کی صبح ساڑھے گیارہ بجے تک اجلاس ملتوی کردیا۔