اسپیکر پنجاب اسمبلی پرویز الہٰی نے لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ ماننے سے انکار کردیا۔
اپنے بیان میں پرویز الہٰی نے کہا کہ صبح عدالتیں کھلیں گی تو وکلا پیش ہوں گے، صدر اور گورنر کا عہدہ کس لیے ہے، ان کو بائی پاس نہیں کرسکتے، یہ ایک عدالت نہیں، اللّٰہ کی عدالت بھی ہے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ ابھی تو فیصلہ آیا ہی ہے، ابھی تو وکلاء اس کو چیلنج کریں گے، گورنر صاحب سے میری بات ہوئی ہے، وہ بھی اس معاملے کو دیکھ رہے ہیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ صدر صاحب کو بھی دیکھنا پڑے گا کہ یہ معاملات اس طرح کیسے حل ہوسکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن تو ہوا ہی نہیں کیونکہ ووٹ تو کاسٹ ہی نہیں ہوا اسی لیے تو ہم عدالتوں میں گئے ہیں۔
پرویز الہٰی نے کہا کہ آخر کہیں انصاف ہے بھی یا نہیں؟ گورنر اور صدر آئین کے تحت کام کر رہے ہیں۔