• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کا تجربہ ناکام اور ڈبہ فلم ثابت ہوئی، خواجہ آصف

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اب عمران خان فرح گوگی کا دفاع کرنے لگے ہیں، پہلے فواد چوہدری نے کہا تھا کہ فرح کا پی ٹی آئی سے کوئی تعلق نہیں، عمران خان کیا فرح گوگی کے ایڈوائزر لگے ہوئے ہیں کہ ان کا دفاع کر رہے ہیں۔

 نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عمران خان کو اسپانسر کیا گیا کہ وہ پاکستان کے عوام کے نجات دہندہ ہیں، عمران خان کا تجربہ ناکام اور ڈبہ فلم ثابت ہوئی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اب نئے الیکشن کروانےکا مطالبہ کیا جارہا ہے، ہم نئےالیکشن کیوں کروائیں؟ پی ٹی آئی کو عدم اعتماد کے ذریعے ہٹایا، عمران خان کے اتحادی اور پی ٹی آئی اراکین ہمارے پاس آگئے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ انیل مسرت، صاحبزادہ جہانگیر اور دیگر لوگ لندن سے سعودی عرب آئے تھے، اقتدارمیں بیٹھے لوگوں کو تصادم سے گریز کرنا چاہیے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ مسجد نبوی واقعہ پر  سعودی حکومت قانونی کارروائی کررہی ہے، سعودی عرب میں وزیراعظم کے ساتھ کسی سرکاری میٹنگ میں حسین نوازموجود نہیں تھے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کے خلاف آرٹیکل 6 لگانے کے حق میں نہیں، میں انتقامی کارروائی پر یقین نہیں رکھتا۔

خواجہ آصف نے کہا کہ نواز شریف کی سزا معافی کا مجھے علم نہیں، نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلیں موجود ہیں۔

وزیر دفاع نے کہا کہ پہلے پی ٹی آئی کہتی تھی کہ وہ 10 سال کے لیے آئی ہے، وقت پر الیکشن ہوں گے، تمام اداروں سے درخواست کریں گے کہ وہ شفاف انتخابات کے انعقاد میں مدد کریں، شفاف انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن، عدلیہ، اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی جماعتوں سے درخواست کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید