مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ ہمارے خاندان میں اختلافات کی افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں، جو ہمیں ورغلانے کی کوشش کر رہے ہیں وہ نقصان اٹھائیں گے۔
گجرات میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ایسی باتیں کرنے والوں کے لیے اللّٰہ سے دعا ہے کہ انہیں ہدایت دے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خاندان میں سیاسی بگاڑ پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے، ہمارے خاندان میں اختلافات کی باتیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ ، سیاستدان اختلافات بھلا کر عام آدمی کے مسائل حل کرنے کو ترجیح دیں، ہم ظالموں کاساتھ نہیں دیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ ہم سے جو بھی غلطی ہو گی ہم اس کا ازالہ کریں گے، گالی گلوچ کے کلچر کو ختم کرنا چاہیے۔
سربراہ ق لیگ چوہدری شجاعت حسین نے یہ بھی کہا کہ ملک میں مہنگائی بڑھ رہی ہے، قیمتیں بڑھانے والے عناصر کی نشاندہی کرنا ہو گی۔