پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے بیرون ملک پاکستانیوں سے کہا ہے کہ آپ اپنے ملکوں کے منتخب نمائندوں سے پاکستان حکومت کی شکایتیں لگائيں، اپنے ملکوں میں مظاہرے کریں۔ سوشل میڈيا پر مہم چلائيں۔
اوورسیز پاکستانیوں سے وڈيو لنک پر خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پتا نہیں چلنے دیا گیا کہ پاکستان کے ساتھ ہوا کیا ہے، یہ لوگ دنیا کے کسی بھی حصے میں چلے جائيں، دو نعرے لگیں گے غدار اور چور۔
عمران خان نے کہا کہ ان کا احتجاج پُرامن ہوگا، وہ چاہتے ہیں کہ انٹرنیشنل میڈیا، اداروں اور حکمرانوں کو دکھائيں کہ عوام کس طرف کھڑے ہیں، انہيں عوام کا زور پتا چلے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا کو عادت تھی کہ حکم دیں اور یہاں لوگ اس پر سیلوٹ ماریں، بدقسمتی سے امریکیوں کو اپنی بات منوانے کیلئے حکم دینے کی عادت پڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف امریکی دھمکی کا دباؤ نہ سہہ سکا، ملک کو امریکی جنگ کا حصہ بنا دیا، پاکستان نے امریکی وار آن ٹیرر میں شرکت کرنے کی سب سے بھاری قیمت ادا کی۔
عمران خان نے کہا کہ اتحادی افواج کو اکٹھا بھی کرلیں تو ان کی اموات اتنی نہیں ہوئیں، جتنی ہماری افواج کی ہوئیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ امریکا کا کیا کام کہ ہماری پارٹی کے ان لوگوں سے ملے، جو ہم سے خوش نہیں تھے، امریکی انڈر سیکرٹری ڈونلڈ لیو نے پاکستانی سفیر کو دھمکی دی۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ امریکا نے پاکستان کی حکومت کے خلاف سازش کی، جسے پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق نے کامیاب کروایا، ہمیں ہاتھ باندھ کر حکومت سے ہٹایا گیا، پھر کرپٹ ترین مافیا کو ملک پر مسلط کردیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملک تباہ کرنا ہے تو چوروں کو ملک پر بٹھادیں، پاکستان سنبھالا تو ملک بینک دیوالیہ تھا، میں نے باہر ملکوں سے جا کر پیسے مانگے۔