• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شیری رحمان کا PTI کی لانگ مارچ کی حکمت عملی پر ردّعمل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

نائب صدر پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے تحریک انصاف کی لانگ مارچ کی حکمت عملی پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی لانگ مارچ سے بڑے شہروں کو جام کرنے کی حکمت عملی افسوسناک ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں شیری رحمان نے کہا کہ عمران خان پھر ملک کو 2014 کی سیاست کی طرف لے کر جا رہے ہیں۔

شیری رحمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 27 فروری کو کراچی سے عوامی لانگ مارچ کا آغاز کیا تھا، 8 مارچ کے دن لاکھوں کا قافلہ اسلام آباد پہنچا، ہم نے تاریخی لانگ مارچ میں کسی بھی گاؤں یا شہر کو جام نہیں کیا۔

اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے عوامی مارچ میں ایک گملہ نہیں ٹوٹا، تحریک انتشار والے کہتے ہیں ان کا لانگ مارچ ’خونی‘ ہوگا۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان اور ان کے ساتھی احتجاج کی نہیں انتشار کی کال دے رہے ہیں، یہ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، احتجاج کا ایک آئینی اور اخلاقی طریقہ ہوتا ہے۔

شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ آپ جلسوں میں لوگوں کو تشدد اور انتشار پر اکسا رہے ہیں، اپنی سیاست بچانے کے لیے عمران خان ملک میں خطرناک رجحان پیدا کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ عالمی سازش کا بیانیہ بےنقاب ہونے پر پی ٹی آئی ملک کو انتشار کی طرف دھکیل رہی ہے۔

قومی خبریں سے مزید