• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’بند ناک‘ صرف نزلہ، زکام اور الرجی ہی وجہ نہیں

حکیم راحت نسیم سوہدروی

موجودہ دَور میں بند ناک ایک عام مسئلہ بن چُکا ہے، جسے طبّی اصطلاح میں Sinusitis کہا جاتا ہے۔ اگر ناک بند ہو، تو سانس لینے میں بھی سخت دشواری ہوتی ہے۔ اکثر افراد اس تکلیف سے نجات کے لیے نیزل اسپرے استعمال کرتے ہیں، لیکن یہ وقتی علاج ہے، کوئی مستقل حل نہیں۔ کیا آپ جانتے ہیں کہ اگر نیزل اسپرے مسلسل استعمال کیا جائے، تو یہ فائدے کی بجائے کئی مسائل کا باعث بھی بن سکتا ہے، لہٰذا جب سانس لینے میں بہت ہی زیادہ د شواری ہو، ایسی صُورت میں بھی صرف معالج کے مشورے سے استعمال کریں۔ 

مشاہدے میں ہے کہ ابتدا میں نیزل اسپرے دِن میں ایک یا دو بار استعمال کیا جاتا ہے، جس کے بعد بتدریج یہ وقفہ ایک دو گھنٹے تک آجاتا ہے۔ بعض افراد تو ہر وقت نیزل اسپرے ساتھ رکھتے ہیں کہ جوں ہی ناک میں بندش محسوس ہوئی، فوراً نیزل اسپرے کی پھوار سے سانس کی گھٹن سے نجات حاصل کرلی۔ اسی طرح متعدّد افراد ناک کی ہڈی کا آپریشن کرواتے ہیں، لیکن دیکھا گیا ہے کہ ہڈی دوبارہ بڑھ جاتی ہے۔ یوں بار بار آپریشن کروانے کے باوجود بھی افاقہ نہیں ہوتا۔

ہمارے یہاں عموماً ناک بند ہونےکا سبب نزلہ، زکام ہی تصوّر کیا جاتا ہے، حالاں کہ اس مرض کے کئی اور بھی عوامل ہیں۔ مثلاً  گردوغبار کے ذرّات، دھواں، ایئرکنڈیشنڈ ماحول میں زیادہ دیر تک رہنا، مصنوعی خوشبوئیں، ٹھنڈی اشیاء کا بکثرت استعمال، ورزش نہ کرنا وغیرہ۔ بعض کیسز میں انواع و اقسام کے کھانوں میں حفاظتی کیمیائی اشیاء کا استعمال بھی وجہ بن جاتا ہے، کیوںکہ قوّتِ مدافعت کم زور پڑنےکے نتیجے میں ناک بند ہوجاتی ہے۔ اس کے علاوہ نزلہ، زکام اور الرجی سے ناک کی رگیں پھول جانا بھی ناک کی بندش کا سبب بنتا ہے، تو بعض افراد میں ناک کی درمیانی ہڈی کا ٹیڑھا پَن بھی وجہ بن سکتا ہے۔ 

ناک کی بندش کے لیے ایک برتن میں ڈیڑھ یا دو کلو پانی لے کر اس میں برگِ نیم سبز (نیم کے تازہ پتّے دھو لیں) دو تولے ڈال کر جوش آنے دیں۔ پھر اس پانی کو چھان کر چٹکی بَھر نمک ملا کر رکھ دیں۔ دِن میں دو بار نیم گرم پانی سے ناک میں پانی ڈال کر دھولیں (جس طرح وضو میں کیا جاتا ہے) ہر بار نیا پانی بنائیں۔ چند دِن کے استعمال سے بہتر نتائج سامنے آئیں گے۔ اس کے علاوہ صاف، تازہ ہوا میں سانس لیں، تمباکو نوشی سے اجتناب برتیں، موسمی تازہ غذائیں استعمال کریں، ورزش کو معمول کا حصّہ بنالیں۔ سوتے ہوئے تکیہ اونچا رکھیں کہ اس طرح ناک کی رگیں خون کے کم دباؤ سے محفوظ رہتی ہیں۔

ناقابلِ اشاعت نگارشات اور ان کےتخلیق کار

٭جیئں کچھ اس طرح سے، ثمین جنید٭اوور لوڈڈ عید،فوزیہ ناہید سیال، لاہور ٭سُنو نوجوانو، قراۃ العین فاروق، حیدرآباد ٭لڑکیوں کی تربیت، ارشد مبین احمد، کراچی ٭میرا جسم میری مرضی، انجم عارفین، کراچی ٭عید مبارک مگر، نگہت فرمان۔