• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کے مختلف حصے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں، سردار سرفراز

محکمہ موسمیات کے چیف میٹرلوجسٹ سردار سرفراز نے کہا ہے کہ پاکستان کے مختلف حصے ہیٹ ویو کی لپیٹ میں ہیں۔

ایک بیان میں سردار سرفراز نے کہا کہ بلوچستان، جنوبی پنجاب، بالائی اور وسطی سندھ میں گرمی کی شدت معمول سے زائد ہے۔

چیف میٹرلوجسٹ نے مزید کہا کہ ہیٹ ویو 15 مئی تک برقرار رہ سکتی ہے، 12 مئی سے شدت بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پنجاب میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت 7 سے 9 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہ سکتا ہے۔

سردار سرفرا ز نے کہا کہ خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بھی درجہ حرارت معمول سے زائد ہوسکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ بالائی، وسطی سندھ میں درجہ حرارت 6 سے8 ڈگری سینٹی گریڈ زائد رہ سکتاہے۔

چیف میٹرلوجسٹ نے کہا کہ وسطی، جنوبی پنجاب اور بلوچستان کے مختلف حصوں میں بھی 6 سے 8 ڈگری زائد رہ سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خان پور، رحیم یارخان، بہاولپور، ملتان اور ڈیرہ غازی خان میں درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ یا زائد بھی جاسکتا ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ جیکب آباد، دادو، لاڑکانہ، سکھر اور دیگر علاقوں میں درجہ حرارت 46 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ سندھ کے کچھ علاقوں میں درجہ حرارت 50 ڈگری کو بھی چھو سکتا ہے۔

چیف میٹرلوجسٹ نے کہا کہ کراچی ہیٹ ویو کی لپیٹ میں نہیں ہے، شہر کا موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہوا میں نمی کا تناسب زائد ہونے سے درجہ حرارت کی شدت زیادہ محسوس کی جارہی ہے۔

سردار سرفراز نے کہا کہ کراچی میں 13 اور 14 مئی کو گرمی کی شدت زیادہ اور درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

قومی خبریں سے مزید