• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات، ملکی معیشت سے متعلق گفتگو

لندن میں وزیر اعظم شہباز شریف کی نواز شریف سے ملاقات ہوئی، جس میں نواز شریف نے وزیر اعظم بننے پر شہباز شریف کو مبارک باد دی۔

ملاقات میں اسحاق ڈار، خواجہ آصف، ایاز صادق، رانا ثناء اللہ، خواجہ سعد رفیق و دیگر بھی موجود تھے۔

بعد ازاں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اپنے بیان میں کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی زیرصدارت پارٹی قیادت کے مشاورتی اجلاس کی پہلی نشست آج ہوئی، جس میں موجودہ حکومت کو ورثے میں ملنے والے سنگین معاشی، آئینی اور انتظامی بحرانوں پر قائد نواز شریف کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی ٹیم نے موجودہ معاشی حقائق سے قائد محمد نواز شریف کو آگاہ کیا، حکومتی ٹیم نے بتایا کہ عوام کو مہنگائی کے اضافی مزید بوجھ سے بچانے کے لیے پٹرول کی قیمت میں اضافہ نہیں کیا گیا۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سابق حکومت کے پیدا کردہ سنگین بحران، لوڈشیڈنگ، تیل اور ایل این جی نہ منگوانے کی تفصیلات بیان کی گئیں، اجلاس نے مہنگائی، لوڈشیڈنگ سے عوام کو نجات دلانے اور ریلیف کی فراہمی سے متعلق مختلف سفارشات پر غور کیا، جبکہ اجلاس نے حکومت آنے کے بعد سے اب تک کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ بھی لیا۔

قومی خبریں سے مزید