پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ میرا بس چلے تو میں عمران خان کا نام اپنی زبان سے نہ لوں ، اس فتنے سے آپ لوگوں کو بچاؤں گی۔
سابق وزیر اعظم عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ اس نے اتنے جلسے کیے کہ عوام کے سر میں درد ہوگیا ، کیونکہ کارکردگی تو کچھ بتا نہیں سکے ، ان کی کارکردگی زیرو تھی، اور جب کارکردگی زیرو ہوتی ہے تو اس طرح کے ڈرامے تو کرنے ہوتے ہیں نہ۔
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں اپنی آنکھوں سے دیکھتے رہو، اللّٰہ کرے تم زندہ رہو اور نواز شریف کی کامیابیاں دیکھ کر لوٹ پوٹ ہوتے رہو۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ میں رانا ثنا سے کہتی ہوں کسی حادثے کا انتظار نہیں کریں اور اس کی ویڈیو سامنے لے کر آؤ، عمران خان اگر تمھارے پاس ویڈیو ہے تو میں وعدہ کرتی ہوں کہ نواز شریف شہباز شریف سے زیادہ تمھیں سیکیورٹی دے گا، تم کہتے تھے کہ دیکھنا میں نواز شریف کا ایئر کنڈیشنڈ بند کروادوں گا، مگر نواز شریف تمھاری حفاظت کرے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ 2014 کے دھرنے میں تم نواز شریف کو گالیاں دیتے تھے ، مگر جب تم جلسے میں گر کر زخمی ہوئے تو نواز شریف اپنی انتخابی مہم چھوڑ کر تمھیں اسپتال میں دیکھنے کے لیے گیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتا ہے کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ کے نمبر بلاک کردیئے ہیں ، عمران خان تمھارا رونا بتارہا ہے ، کہ تم نے اسٹیبلشمنٹ کا نمبر بلاک نہیں کیا بلکہ تمھارا نمبر بلاک کیا گیا ہے، اور جس نمبر پر تم فون کرتے ہو وہ نمبر بدل گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ جس نمبر پر تم فون کرتے ہو ، وہاں سے آواز آتی ہے یہ سہولت تمھیں میسر نہیں ہے، جب تم فون کرتے ہو تو آواز آتی ہے رانگ نمبر ہے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جانے کا اتنا ہی شوق تھا تو تحریک عدم اعتماد سے پہلے الیکشن کرواتے ، تمھارے ہاتھ سے گیند ہمیشہ کے لیے نکل چکی ہے، اب تم کچھ نہیں کروگے بلکہ اب صرف نواز شریف کی طرف دیکھوگے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ عمران خان قوم تم سے پوچھتی ہے کہ آج تمھہیں ڈالر یاد آگیا ، جب نواز شریف کے دور کا 114 روپے کا ڈالر تم نے ایک سو نوے تک پہنچادیا ، تو اس وقت تمھارا ضمیر کہاں سو رہا تھا؟
مریم نواز نے کہا کہ مہنگائی کرنے والا آج کہہ رہا ہے کہ مہنگائی ہوگئی، اسے یہ نہیں پتا جب یہ کہتا ہے کہ مہنگائی ہوگئی تو یہ اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہیں، جب یہ کہتے ہیں کہ معیشت تباہ ہوگئی تو اپنے خلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے یہ بتاؤ کہ سوال چار سال کی حکومت سے ہوگا ، یا پھر چار مہینے کی حکومت سے ہوگا، یہ ملک کی معیشت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا کر گئے ہیں۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ نواز شریف نے چار سال بعد تمھیں پھر کنٹینر پر پہنچادیا ، نواز شریف نے اسے صرف حکومت سے نہیں نکالا بلکہ موقع دیا ہے کہ یہ اپنے آپ کو ایکسپوز کرے اور اس نے خود کو ایکسپوز کرکے اپنے پاؤں پر کلہاڑا مار لیا ہے، اب الیکشن تب ہوں گے جب لندن سے نواز شریف الیکشن کروانے کا کہے گا۔
مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف اڈیالہ جیل میں تھا یا پھر لندن میں تھا وہ جہاں بھی ہوتا ہے اللّٰہ کے فضل سے پاکستان کے عوام کی سیاست کا محور ہوتاہے، بلکہ تمھاری سیاست کا مرکز بھی نواز شریف ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چار سال میں عمران خان نے ایسی کون سی چابی گھمائی جس سے فرح خان اور دیگر لوگ امیر ہوگئے اور بائیس کروڑ لوگ غریب ہوگئے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ یہ دنیا کا واحد آدمی ہے جو کہتا ہے اگر مجھے حکومت سے نکالا تو کہتا ہے کہ پاکستان پر ایٹم بم پھینک دو ، نواز شریف نے بھارت کے مقابلے میں پانچ ایٹمی دھماکے کیے ۔