• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری نے PTI عہدیداروں کے سرکاری گاڑیاں اور گھر نہ چھوڑنے کی وجہ بتادی

سابق وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما فواد چوہدری نے بتادیا کہ پی ٹی آئی کے عہدیدار سرکاری گاڑیاں اور گھر چھوڑ کیوں نہیں چھوڑ رہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صحافی نے فواد چوہدری سے سوال کیا کہ ’پی ٹی آئی عہدیدار سرکاری گاڑیاں اور گھر چھوڑنے کو کیوں تیار نہیں؟ جس کے جواب میں فواد چوہدری نے کہا کہ سرکاری گاڑیاں اور گھر چوروں کے حوالے نہیں کرنا چاہتے۔

خیال رہے کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی جانب سے سرکاری گاڑیاں واپس نہ کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔

 سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تاحال دو سرکاری گاڑیاں واپس نہیں کیں، اسد قیصر بھی عہدے سے فارغ ہونے کے بعد اب تک سرکاری بلٹ پروف لینڈ کروزر استعمال کررہے ہیں۔

دوسری جانب سابق وفاقی وزراء پرویز خٹک اور نورالحق قادری نے منسٹر انکلیو میں اپنی سرکاری رہائش گاہیں خالی کرنے سے انکار کر دیا۔

رولز کے تحت وزراء کابینہ ختم ہونے کے بعد صرف 15 دن تک وزیر سرکاری رہائش گاہ استعمال کرسکتے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی کابینہ 10 اپریل کو ختم ہوگئی تھی، کابینہ ختم ہونے کے باوجود پرویز خٹک نے تاحال سرکاری رہائش گاہ خالی نہیں کی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق وزیر نورالحق قادری نے بھی اپنی سرکاری رہائش گاہ خالی نہیں کی، پرویز خٹک منسٹر انکلیو کا مکان نمبر 28 اور نور الحق قادری کا 31 ہے۔

قومی خبریں سے مزید