• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی بم دھماکے، ایئر پورٹ پر سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ


کراچی میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) اور پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز( پی آئی اے) دفاتر کی سیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق کراچی میں پی آئی اے، سی اے اے ہیڈ کوارٹرز اور تمام شعبوں کی سیکیورٹی سخت کرنے اور ویجیلنس بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ بلا ضرورت ایئرپورٹ اور دفاتر آنے والے وزیٹرز کے داخلے پر پابندی عائد کردی گئی ہے، سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر میں ویجیلنس کو ہر وقت تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ایوی ایشن ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ تمام شعبوں میں ویجیلنس بڑھانے کی ہدایت کردی گئی، سی اے اے اور پی آئی اے دفاتر میں کوئیک رسپانس فورس کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ذرائع نے کہا کہ تمام شعبوں میں کام کرنے والے پی آئی اے اور سی اے اے عملے کو لازمی آئی ڈی کارڈ پہننے کی اور سی اے اے اور پی آئی اے کے دفاتر کے اطراف مشتبہ باکس یا بیگز پر بھی نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کو بھی مکمل فنکشنل رکھنے کی اور ایئرپورٹ کے اطراف پی آئی اے، سی اے اے کی ویجلنس ٹیموں کو پیٹرولنگ کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے کھارادر میں بولٹن مارکیٹ کے قریب دھماکا ہوا تھا جس  میں 1 خاتون جاں بحق اور 16 افراد زخمی ہوئے تھے۔

قومی خبریں سے مزید