• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹاک مارکیٹ:منتخب خریداری سے مثبت رحجان، 59 پوائنٹس کا اضافہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسٹاک ایکس چینج ، مالیاتی اداروں اور مقامی سرمایہ کاروں کی منتخب خریداری سے مارکیٹ میں مثبت رحجان ، کے ایس ای100انڈیکس میں 59پوائنٹس کا اضافہ،52.45 فیصد کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی ، سرمایہ کاری مالیت بھی 9 ارب ایک کروڑ 14 لاکھ روپے بڑھ گئی لیکن کاروباری حجم 20.97فیصد کم رہا، تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف سے متعلق حکومتی پالیسی واضح نہ ہونے اور سیاسی عدم استحکام کی خبروں سے سرمایہ کار محتاط نظر آتے ہیں ،منگل کو بھی کاروباری ہفتے کے دوسرے روز ٹریڈنگ کے آغاز پر مارکیٹ میں منفی رحجان تھا لیکن مالیاتی اداروں اور چند بڑے سرمایہ کاروں کے سرگرم ہونے اور ان کی منتخب سیکٹرز میں خریداری سے یہ رحجان بدل گیا اور 100انڈیکس 216 پوائنٹس پلس تک نوٹ کیا گیا تاہم اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس 58.74پوائنٹس کے اضافے سے 42726.06 پوائنٹس پر آکر بند ہوا، کے ایس ای30انڈیکس بھی 33.46 پوائنٹس کے اضافے سے 16246.38پوائنٹس ہو گیا اور آل شیئرز انڈیکس 37.02پوائنٹس کے اضافے سے 29104.75 پوائنٹس پر آگیا ، مجموعی طور پر مارکیٹ میں 326کمپنیوں کے شیئرز کا کاروبار ہوا، 171 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت بڑھ گئی، 127 کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت کم ہو گئی اور 28کمپنیوں کے شیئرز کی قیمت مستحکم رہی ، مارکیٹ کی سرمایہ کاری مالیت 9 ارب ایک کروڑ 14 لاکھ 26ہزار روپے کے اضافے سے 7085ارب 76کروڑ 48لاکھ ایک ہزار روپے ہو گئی،تاہم محدود کاروبار کی وجہ سے کاروباری حجم 5کروڑ 25لاکھ 29ہزار شیئرز کی کمی کے باعث 19کروڑ 79لاکھ 16ہزار شیئرز ریکارڈ کیا گیا، منگل کو کاروباری حجم کے لحاظ سے ورلڈ کال، سنرجیکو پاک، لوٹے کیمیکلز ، پاک ریفائنری اور ٹریٹ کار پوریشن سر فہرست رہے ۔