کراچی (جنگ نیوز) انڈین پریمیئر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کا سب سے بڑا ، آخری اور فائنل مقابلہ اتوار کو رائل چینلجرز بنگلور اور سن رائزرز حیدرآباد کی ٹیموں کے درمیان ممبئی کے جگمگاتے ہوئے وینکھڈے اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جہاں فائنل میچ سے قبل اسٹیڈیم میں آتش بازی اور آرٹسٹوں کی شاندار پرفارمنس کے ساتھ اختتامی تقریب بھی منعقد ہوگی۔ واضح رہے کہ کوالیفائر ”ٹو“ راؤنڈ میں سن رائزرز حیدرآباد نے گجرات لائنز کو دلچسپ مقابلے کے بعد4 وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اختتامی میچ سے قبل بنگلور اور حیدرآباد کی دونوں ٹیمیں انڈین پریمیئر لیگ کے 9ویں ایڈیشن کی ٹرافی اپنے نام کرنے کا دعویٰ کرتی نظر آرہی ہیں جبکہ کرکٹ کے نامور پنڈتوں کا کہنا ہے کہ یہ دونوں ہی ٹیمیں لیگ کا فائنل جیتنے کی بھر پور صلاحیت رکھتی ہیں اور کسی ایک ٹیم کو فیوریٹ قرار نہیں دیا جاسکتا لہٰذا اُمید کی جارہی ہے کہ شائقین کرکٹ کو دیگر میچز کی طرح آخری میچ میں بھی چوکوں، چھکوں سے بھر پور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملے گا۔ مدِمقابل ٹیموں میں گجرات لائنزکی کپتانی سریش رائنا کریں گے جبکہ سن رائز رزحیدرآبادکی سربراہی ڈیوڈ وارنر کررہے ہیں۔ اختتامی تقریب ، کھلاڑیوں میں انعامات کی تقسیم اور میچ کی آخری گیند تک اس لیگ کے ہر لمحے کو پاکستان کا پہلا نجی اسپورٹس چینل ”جیوسوپر“ اپنے ناظرین کیلئے براہ راست پیش کرے گا۔