وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب میں مخالفین کی تعداد 172 اور ہماری 177 ہے ، پچیس منحرف ارکان سے متعلق الیکشن کمیشن کا فیصلہ آیا ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ چار سال دونوں ہاتھوں سے ملک کو لوٹا ، منحرف ارکان نے پی ٹی آئی کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کرتے ہوئے انحراف کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک ہفتے پہلے تک عمران خان الیکشن کمیشن پر حملہ آور تھے، الیکشن کمیشن کے فیصلے سے پنجاب میں ن لیگ کی حکومت پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ن لیگ اور اتحادیوں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ منحرف ارکان الیکشن کمیشن کو فیصلہ چیلنج کرنے کا حق رکھتے ہیں، عثمان بزدار اصل میں وزیر اعلیٰ تھے ہی نہیں،اصل وزیر اعلیٰ فرح گوگی تھی، آج تحریک انصاف پنجاب میں 25 ارکان سے محروم ہوگئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ارکان نے ملک میں معیشت کی تباہی کے خلاف ووٹ دیا، آج اپنے گریبان میں جھانکنے کا وقت ہے عمران صاحب، جس اسمبلی میں بھی عدم اعتماد ہوگا آپ وہاں سے باہر پھینکے جائیں گے ۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان نے آئین شکنی کی، ارکان کے ڈی سیٹ ہونے پر جشن منانے والوں کو ماتم کرنا چاہیے، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ آٹھ سال سے نہیں آیا ،منحرف ارکان کا فیصلہ ایک ماہ میں آگیا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آٹھ سال سے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ کس کے دباؤ پر تاخیر کا شکار ہے، جس طرح یہ فیصلہ ایک ماہ میں آیا، فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ ایک دن میں ہونا چاہیے۔
مریم اورنگزیب نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا کہ جس تیزی سے اس کیس کا فیصلہ آیا اسی طرح فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ دیا جائے۔