وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ چین اور پاکستان دو بھائیوں کے نام ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف نے پاک چین سفارتی تعلقات کی71ویں سالگرہ کے موقع پر چینی صدر اور عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے اول تا آخر تمام قائدین اور رہنماؤں کوسلام کرتا ہوں، اول تا آخر پاک چین قائدین نے دوستی کو اسٹرٹیجک پارٹنرشپ اور آئرن برادرز میں ڈھالا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اس موقع پر کہا ہے کہ آج وہ مبارک دن ہے جب پاک چین دوستی کے پودے کا بیج بویا گیا تھا، وہ بیج 70 سال میں ایک توانا اور پھل دار شجر سایہ دار بن چکا ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ 21 مئی 1950 سے 2018ء تک پاک چین قیادت اور عوام نے دوستی کو پروان چڑھایا، کوئی آندھی، طوفان اور حسد کی کوئی آگ اس فولادی بندھن پر اثرانداز نہ ہوسکی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان پیاروں کو بھی خراج عقیدت جن کی جان پاک چین دوستی کی وجہ سے لی گئی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے جامعہ کراچی حملے پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ کراچی کے باہر ہمارے چینی بھائیوں اور بہن کو نشانہ بنایا گیا، ہم ان سمیت پاک چین دوستی پر قربان ہونے والوں کو سلام پیش کرتے ہیں، ہم ان کے اہل خانہ سے اپنے غم کا اظہار کرتے ہیں، پختہ عہد ہے کہ ان جرائم میں ملوث دشمنوں کا خاتمہ کریں گے۔
اُن کا کہنا تھا کہ سی پیک پاک چین ہی نہیں خطےکے پائیدار استحکام کی مضبوط بنیاد ہے، سی پیک غربت مٹانے، معاشی تعاون، خطے کوجوڑنے کی مضبوط بنیاد ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ سی پیک آنے والی نسلوں کے روشن مستقبل کی علامت اور ضمانت ہے، پختہ عزم ہے یہ مثالی بندھن باہمی تعاون، اعتماد اور قربتوں کی نئی بلندیوں سے ہم کنار ہوگا۔