وزیراعظم شہباز شریف کی تصاویر اور جعلی سوشل میڈیا اکاونٹ استعمال کرنے پر ایک شخص کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے شہباز شریف کے نام سے جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹ اور اُن کی تصاویر استعمال پر رمیز راجہ نامی شخص کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
سائبر کرائم ونگ کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملزم کو پشاور سے گرفتار کیا ہے۔
سائبر کرائم ونگ کا بتانا ہے کہ ملزم نے اعتراف کیا ہے کہ وہ وزیر اعظم شہباز شریف کے نام سے سوشل میڈیا کا غیرقانونی اکاؤنٹ استعمال کر رہا تھا۔
وزیرَ اعظم شہباز شریف کے نام سے بنائے جانے والے اس جعلی اکاؤنٹ پر 30 ہزار سے زائد فالوورز موجود تھے جس سے غلط معلومات پھیلائی جا رہی تھیں جبکہ اب اس جعلی اکاؤنٹ کو بلاک کر دیا گیا ہے۔