لاہور میں شہید ہوئے کانسٹیبل کمال احمد کے بھائی عبدالستار کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے کارکن ساجد نے فائرنگ کی جس سے میرا بھائی مر گیا، بیوہ نے مطالبہ کیا کہ میر ے شوہر کو مارنے والے کو بھی ویسی ہی سزا دی جائے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہید کانسٹیبل کے بھائی عبدالستار نے بتایا کہ رات 2 بجے فون آیا بھائی کی طبیعت خراب ہوگئی ہے، پھر 2 منٹ کے بعد دوبارہ فون آیا بھائی کمال احمد کا انتقال ہوگیا ہے۔
عبدالستار نے کہا کہ ہم یہ سمجھتے رہے ،اس کی شاید طبیعت خراب ہوگئی۔
شہید کانسٹیبل کے بھائی نے کہا کہ اقتدار کی خاطر غریب لوگوں کو مار رہے ہیں،پی ٹی آئی کے کارکن ساجد کی چلائی گولی سے میرا بھائی مر گیا۔
کانسٹیبل کمال احمد کے بڑے بھائی اقبال نے بھی جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکام بالا ہمیں انصاف دلوائیں۔
شہید کانسٹیبل کی بیوہ رابعہ نے کہا کہ میرے بچے یتیم ہوگئے، ہمارا کوئی کفالت والا نہیں، میر ے شوہر کو مارنے والے کو بھی ویسی ہی سزا دی جائے۔
شہید کانسٹیبل کی بیٹی عافیل نے کہا کہ میرے ابو ہم سے بہت پیار کرتے تھے۔