وفاقی حکومت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے آزادی مارچ کو روکنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے بعد مختلف مقامات پر موٹروے اور اہم شاہراہیں بند کردی گئی ہیں۔
پولیس ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں موٹروے ایم 3 اور ایم 4 کو بند کردیا گیا، موٹروے پر لاہور، اسلام آباد جانے والی ٹریفک کا داخلہ بند ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے کے تمام انٹرچینجز پر کنٹینر لگادیے گئے اور پولیس تعینات کردی گئی۔ موٹروے ایم 3 پر جڑانوالہ اور سمندری انٹرچینج کو بند کردیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق موٹروے ایم 4 پر امین پور، ساہیانوالہ اور ڈپٹی والا انٹرچینج کو بھی بند کردیا گیا، ٹرانسپورٹ اڈوں پر سے لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور اسلام آباد کے لیے سروس بند ہے۔
ملتان سے لاہور جانے والی موٹروے ایم 4 کو عبدالحکیم انٹرچینچ سے بند کردیا گیا۔
گجرات میں دریائے چناب پل پر کنٹینرز لگادیے گئے، لاہور سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک بند کردی گئی، دریائے چناب پل پر پولیس نفری بھی تعینات کردی گئی۔
گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر سادھوکی کے مقام پر کنٹینرز کھڑے کر دیے گئے، جی ٹی روڈ کی بندش سے لاہور سے گوجرانوالہ آنے والی ٹریفک بند ہے۔
سرگودھا میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو روکنے کے لیے سالم انٹرچینج پر کنٹینرز لگادیے گئے، تاہم خوراک لے جانے والی گاڑیوں اور بیرون ملک جانیوالے شہریوں کو موٹروے پر داخلے کی اجازت ہے۔
اسلام آباد کوہاٹ روڈ کو خوشحال گڑھ اور منکور چیک پوسٹ پر کنٹینر لگا کر بند کردیا گیا۔
صوابی میں اسلام آباد موٹروے کو ہارون آباد کے مقام پر بند کردیا گیا جبکہ مختلف جگہوں پر کنٹینرز، مٹی کے ڈھیر اور بلاک لگاکر موٹروے کو بند کردیا گیا ہے۔