• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی کوریا کیخلاف پابندیوں کی قرارداد، چین اور روس نے ویٹو کردیا

فوٹو، فائل
فوٹو، فائل

چین اور روس نے امریکا کی طرف سے اقوام متحدہ میں پیش کردہ ایک قرارداد کو ویٹو کردیا ہے۔

شمالی کوریا نے حال ہی میں طویل ترین مار کرنے والے بین البراعظمی میزائلوں کا تجربہ کیا تھا جس کی وجہ سے امریکا نے شمالی کوریا کے خلاف سخت ترین پابندیاں عائد کرنے کی قرارداد پیش کی۔

15 رکنی سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد کے حق میں 13 جبکہ مخالفت میں دو ووٹس ڈالے گئے جو روس اور چین کے تھے۔

اس سے قبل سلامتی کونسل نے جنوبی کوریا پر سنہ 2006 میں پہلا آزمائشی جوہری دھماکا کرنے پر پابندیاں عائد کی تھیں۔

بعد ازاں سلامتی کونسل میں 10 مزید قراردادیں پیش کی گئیں تاکہ شمالی کوریا کے نیوکلیئر میزائل پروگرام پر پیشرفت اور اس کی فنڈنگ کو روکا جاسکے لیکن یہ قراردادیں اپنا مقصد حاصل کرنے میں ناکام رہیں۔

چین اور روس نے سلامتی کونسل میں امریکی قرارداد کو مسترد کرتے ہوئے شمالی کوریا اور امریکا کے درمیان مذاکرات پر زور دیا۔

امریکی سفیر لنڈا تھامس نے اس موقع پر کہا کہ شمالی کوریا نے رواں سال 23 بیلسٹک جبکہ 6 بین البراعظمی میزائل تجربے کیے ہیں جو کہ عالمی امن کے لیے خطرہ ہے۔

اقوام متحدہ میں چین کے سفیر زینگ جون کا کہنا تھا کہ امریکا نے 2018 سے 2019 کے دوران شمالی کوریا کے جذبہ خیرسگالی کا مثبت جواب نہیں دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اب یہ امریکا کی ذمہ داری ہے کہ وہ پیانگ یانگ سے مذاکرات بحال کرے اور سیاسی حل نکالے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید