• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکیہ کے بغیر پائلٹ جنگی طیارے کی کامیاب فارمیشن پرواز

ترکیہ کے جدید ترین بغیر پائلٹ جنگی طیارے بائیکر اکتارقزل ایلما نے  فارمیشن پرواز کامیابی سے انجام دیکر اہم سنگ میل عبور کرلیا۔

بائیکر اکتارقزل ایلما نے عالمی ہوا بازی کی تاریخ میں ایک غیر معمولی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔ پہلی مرتبہ دو بغیر پائلٹ جنگی طیاروں نے انسانی مداخلت کے بغیر مکمل طور پر خودکار قریبی فارمیشن پرواز کامیابی سے انجام دی، جسے بین الاقوامی دفاعی ماہرین جدید فضائی جنگ کے مستقبل کی جانب ایک فیصلہ کن پیش رفت قرار دے رہے ہیں۔

یہ تاریخی آزمائش چورلو میں واقع آقنجی فلائٹ ٹریننگ اینڈ ٹیسٹ سینٹر میں انجام پائی، جہاں قزل ایلما کے دو مختلف پروٹوٹائپسPT3 اور PT5 نے بیک وقت پرواز کی۔ 

دونوں طیارے یکے بعد دیگرے فضا میں بلند ہوئے اور کسی انسانی کنٹرول کے بغیر ہم آہنگ انداز میں قریبی کول (Close Formation) پرواز مکمل کی۔

خود کار فضائی ہم آہنگی میں نئی مثال

بائیکار (Baykar) کی جانب سے تیار کردہ اسمارٹ فلیٹ اوٹونومی الگورتھمز کے ذریعے دونوں بغیر پائلٹ جنگی طیاروں نے ایک دوسرے کے مقابل اپنی پوزیشنز خود کار طور پر ترتیب دیں اور انتہائی حساس فضائی فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے ہم وقت حرکات انجام دیں۔

ماہرین کے مطابق یہ وہ صلاحیت ہے جو اب تک صرف انسانی پائلٹس سے لیس جدید جنگی طیاروں تک محدود سمجھی جاتی تھی۔

یہ تجربہ اس امر کا عملی ثبوت ہے کہ اب پیچیدہ فضائی مشنز، جن میں انتہائی درستگی، ردِعمل کی تیزی اور مشترکہ حکمتِ عملی درکار ہوتی ہے، بغیر پائلٹ پلیٹ فارمز کے ذریعے بھی انجام دیے جا سکتے ہیں۔

جدید فضائی جنگ کی سمت اشارہ

دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق یہ کامیابی مستقبل کی فضائی جنگ میں ملٹی وہیکل اوٹونوم آپریشنز کی بنیاد فراہم کرتی ہے، جہاں متعدد بغیر پائلٹ جنگی طیارے ایک ہی لیڈر یا مشترکہ کمانڈ کے تحت مربوط مشنز انجام دے سکیں گے۔

قزل ایلما کی یہ آزمائش جدید فضائی جنگ کے لیے درکار سنکرونائزیشن اور درستگی کو خود کار نظاموں کے ذریعے حاصل کرنے کی جانب ایک بنیادی پیش رفت تصور کی جا رہی ہے۔

قزل ایلما کے اس تاریخی تجربے کو عالمی میڈیا میں نمایاں کوریج ملی۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے اسے 'دورِ جدید کی فضائی جنگ میں ٹرننگ پوائنٹ' قرار دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ نے خود کار جنگی ہوا بازی کے میدان میں ایک قائدانہ مقام حاصل کر لیا ہے۔

رپورٹس میں اس پیش رفت کو عالمی دفاعی توازن میں بتدریج تبدیلی اور بغیر پائلٹ نظاموں کی بڑھتی ہوئی اہمیت کی واضح علامت قرار دیا گیا۔

بائیکار کے چیئرمین سیلچوق بائیراکتار نے اس کامیابی کو دنیا میں پہلی مرتبہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت ترکیہ کی خود انحصار دفاعی ٹیکنالوجی کی عکاس ہے۔

بائیکار کے جنرل منیجر حلوق بایئر اکتار کے مطابق عالمی ہوا بازی کی تاریخ میں پہلی بار دو بغیر پائلٹ جنگی طیاروں نے خود کار طور پر قریبی کول پرواز انجام دی۔ ہم تقلید کرنے والے نہیں، بلکہ نئی راہیں متعین کرنے والے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید
خاص رپورٹ سے مزید