• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

22 سال سے بھارت میں قید پاکستانی کی رہائی کے اہلخانہ منتظر

فوٹو: بھارتی میڈیا
فوٹو: بھارتی میڈیا

وزیر آباد کا رہائشی خاندان 22 سال سے بھارت میں قید وارث راجا کی رہائی کا منتظر ہے، وارث کے بیٹوں اور بیٹیوں نے والد کی رہائی میں مدد کے لیے وزیراعظم شہباز شریف سے اپیل کی ہے۔

وزیر آباد کا رہائشی محمد وارث راجا 1999 میں دوست سے ملنے بھارت گیا تھا، جہاں اتر پردیش کے شہر شاملی میں اسے بھارتی پولیس نے گرفتار کر لیا۔

 پولیس نے وارث کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ بنایا مقدمے کا ٹرائل 17 سال مقامی عدالت میں چلتا رہا، 2017 میں عدالت نے وارث کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

وارث کے اپیل کرنے پر دسمبر 2019 میں ہائی کورٹ نے سزا کو کالعدم قرار دے دیا لیکن عدالتی فیصلے کے ڈھائی سال بعد بھی وارث کو رہائی نہیں مل سکی۔

 بھارتی جیل میں قید وارث کے بارے میں بھارت کے ایک اخبار میں خبر شائع ہوئی تو اہلخانہ کی دم توڑتی امید پھر سے جاگ گئی، وارث کے بیٹے اور بیٹیوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے والد کی رہائی میں مدد کی اپیل کی ہے۔

امید اور انتظار کے ساتھ گھر کی چوکھٹ کو دیکھتے ہوئے وارث کے بیٹے اور بیٹیوں کو آج بھی یقین ہے کہ ان کے والد ایک دن واپس آئیں گے اور ان کا خاندان پھر سے مکمل ہو گا۔

خاص رپورٹ سے مزید