وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتوں کو فیصلہ کرنا ہوگا، چیئرمین تحریک انصاف آپ پر بِکے جانے کا الزام لگا رہا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ سپریم کورٹ کو دھمکی دیتے ہیں، اداروں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کرتے ہیں ، یہ کون سا رویہ ہے؟۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کان کھول کر سن لیں، دھمکی اور ڈکٹیشن کے ساتھ مذاکرات نہیں ہوں گے، الیکشن اگست 2023 میں ہی ہوں گے۔
واضح رہے کہ پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان نے سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے اور احتجاج پر شیلنگ کے معاملے پر انسانی حقوق تنظیموں کے ساتھ اُٹھانے کا اعلان کیا تھا۔
عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ واضح طور پر بتادے پُرامن احتجاج پاکستان کے شہریوں کا حق ہے یا نہیں؟ ادارے تماشا دیکھ رہے ہیں۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ایک پاکستانی ہونے کے ناطے اداروں کو بولنا چاہتا ہوں کہ ملک تباہی کی طرف جا رہا ہے، ملک بچانے کا ٹھیکہ صرف ہم نے نہیں لیا ہوا، اداروں کی ذمے داری ہے کہ ملک کو بچائیں۔