کانگریس رہنما اور پنجابی گلوکار شبھدیپ سنگھ سدھو موسےوالا کو آج شام ضلع مانسا میں فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا۔
وہ اپنے گاؤں سے چند دوستوں کے ہمراہ جیپ میں سوار ہو کر کسی سے ملاقات کے لیے روانہ ہوئے تھے۔
28 سالہ گلوکار سدھو موسےوالا اُن 424 شخصیات میں شامل تھے جنہیں پولیس کی طرف سے فراہم کردہ سیکیورٹی ختم کردی گئی تھی۔
مقامی میڈیا کے مطابق اطلاعات ہیں کہ سدھو بھارتی پنجاب کے وزیراعلیٰ بھگونت مان سے سیکیورٹی مانگنے کے حوالے سے ہی ملاقات کرنے جارہے تھے۔
نامعلوم مسلح افراد نے ان کی جیپ پر فائرنگ کی۔ اس واقعے میں سدھو کے دو دوست بھی زخمی ہوئے۔
پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کے اس واقعے میں گلوکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ پنجابی گلوکار کے مداحوں کی تعداد لاکھوں میں ہے۔ انہوں نے رواں سال 20 فروری کو کانگریس کے ٹکٹ پر اسمبلی انتخابات میں حصہ لیا تھا لیکن 63 ہزار ووٹوں سے ہار گئے تھے۔