پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان کی جانب سے نیب میں جمع کروائے گئے جواب پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ انہیں اصل خوف یہ ہے کہ پکڑے گئے تو قدموں کے نشان بنی گالا محل تک جائیں گے۔
سابق خاتون اول بشریٰ بی بی کی دوست فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں وکیل کے ذریعے جواب داخل کروادیا۔
فرح خان کے جواب پر رد عمل دیتے ہوئے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ جب چوری کی ہو تو پھر ایسے فرار اختیار کرنے کی کوشش کی جاتی ہے، اصل خوف یہ ہے کہ پکڑے گئے تو قدموں کے نشان بنی گالا محل تک جائیں گے۔
فرح خان اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات اور منی لانڈرنگ کیس میں وکیل نے فرح خان کے4 ملازمین کی طرف سے تحریری جواب جمع کرا دیا۔
ایڈووکیٹ اظہر صدیق بطور وکیل فرح خان آج نیب میں پیش ہوئے اور جواب جمع کرایا۔
نیب میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں وکیل فرح خان کا کہنا ہے کہ نیب ایک ایسے مقدمے میں طلب کر رہا ہے جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں ہے۔
وکیل فرح خان نے جمع کرائے گئے جواب میں کہا ہے کہ فرح خان کی شادی 2003 میں ہوئی، ان کے شوہر احسن جمیل گجر 1999میں چیئرمین ضلع کونسل تھے۔
فرح خان کے وکیل ایڈووکیٹ اظہر صدیق نے تحریری جواب میں مزید کہا کہ نیب نوٹس نہ صرف غیر قانونی، بلکہ اختیارات سے تجاوز ہے، فرح خان پبلک آفس ہولڈر نہیں رہیں، نہ سرکاری دفتر میں ملازمت کی۔
تحریری جواب میں کہا گیا کہ امید ہے پہلے نیب کے دائرہ اختیار کا تعین ہوگا، اگر دائرہ کار کا تعین نہ کیا گیا تو اعلیٰ عدالتوں سےرجوع کیا جائے گا۔