• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکی کے دشمن پاکستان کے دشمن ہیں، ترکی اور پاکستان کے درمیان قریبی اور تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ دونوں ملکوں کی دوستی لازوال ہے۔

انقرہ میں وزیراعظم شہباز شریف نے ترکی پاکستان بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترکی نے صدر اردوان کی قیادت میں زبردست ترقی کی، ترکی نے اپنے انفرا اسٹرکچر کو بہت ترقی دی ہے، ترکی نے مشرق وسطیٰ، افریقہ اور دنیا میں کئی عظیم منصوبے بنائے اور زندگی کے ہر شعبے میں بے پناہ ترقی کی ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ترک قوم کبھی اپنے دوستوں کو نہیں بھولتی، ترکی نے زلزلے، سیلاب اور قدرتی آفات میں پاکستان کی بھرپور مدد کی، ہمارے آباؤ اجداد کو ادراک تھا کہ ہمارے تعلقات ہمیشہ قائم رہیں گے، ترک بھائیوں کے دیئے گئے عشائیہ میں شرکت میرے لئے اعزاز ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے تعلقات دوطرفہ تجارت میں عکاسی نہیں کرتے، پاکستان اور ترکی کو باہمی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام رکاوٹیں دور کرنا ہوں گی، ہم نے ماضی کی غلطیوں سے بہت سیکھا ہے، بعض ترک سرمایہ کاروں کے ساتھ عدم تعاون پر میں معذرت خواہ ہوں۔ 

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ترکی نے لاہور میٹرو بس منصوبے کا ڈیزائن بغیر معاوضے کے فراہم کیا۔ پاکستان توانائی کے شعبے میں ترک سرمایہ کاروں کا خیر مقدم کرے گا، ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتا ہوں اور انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا یقین دلاتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان ترک سرمایہ کاروں کا دوسرا گھر ہے، پاکستان اور ترکی کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع ہیں، پاکستان اور ترکی کے درمیان دوطرفہ تجارت کا موجودہ حجم ناکافی ہے۔

قومی خبریں سے مزید