اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد آگئی تو حمزہ شہباز فارغ ہیں۔
لاہور میں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی سے وکلا وفد نے ملاقات کی جس میں صوبے کے آئینی اور سیاسی بحران پر گفتگو ہوئی۔
اس دوران پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ اراکین پنجاب اسمبلی پر پولیس تشدد کے خلاف ایکشن لیں گے، استحقاق کمیٹی میں آئی جی اور چیف سیکریٹری کو بلا کر سزا دیں گے۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا تھا کہ سارے معاملے میں اصل سرغنہ آئی جی اور چیف سیکریٹری ہیں، ن لیگ کی کسی بات پر یقین نہیں کرتا، تحریک عدم اعتماد آگئی تو حمزہ شہباز فارغ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عدالتی فیصلے کا انتظار ہے، پی ٹی آئی کے 20 لوٹے ن لیگ کا ٹکٹ مانگ رہے ہیں، حمزہ شہباز ان لوٹوں سے ملاقات نہیں کر رہے۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ مریم نواز بھی الیکشن کی بات کر رہی ہیں، یہی بات عمران خان کر رہے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حکمران عمران خان کو گرفتار کریں گے تو اپنی سیاسی قبر خود کھودیں گے۔
مسلم لیگ (ق) کے رہنما کا کہنا تھا کہ پنجاب میں بحران تب ختم ہوگا جب حمزہ شہباز گھر جائے گا۔
موجودہ حکومت کو ہدف تنقید بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حکومتی وزیروں کی کوئی اوقات ہے نہ اپنی سوچ اور نہ ویژن ہے۔
وزیراعلیٰ کے حلف سے متعلق چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ وزیراعلیٰ سے گورنر حلف لیتا ہے اسپیکر قومی اسمبلی کیسے لے سکتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے خون خرابے سے بچنے کے لیے اپنے لوگوں کو روکا۔ پولیس کی شیلنگ اور فائرنگ سے تین اموات ہوئیں۔
چوہدری پرویز الہٰی نے کہا کہ یاسمین راشد کینسر کی مریض ہیں انہیں یہ گھسیٹتے رہے۔