پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے اپنے خلاف غداری کا مقدمہ قائم کرنے کی حکومتی کوشش کے دعوے پر مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے ردعمل دے دیا۔
مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ حکومت کا عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ بنانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، ن لیگ ایسے معاملات میں نہیں پڑتی نہ ہی عمران خان کو ایسا کوئی خطرہ ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان ہر بات اپنی ذات اور سیاست کے لیے کر رہے ہیں، سیاسی حکومتیں سیاسی معاملات سے نہیں گھبراتیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ملکی قوانین کو توڑا، جس طرح آئین کو توڑا گیا وہ سب کے سامنے ہے، عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمے بنانے کے بارے میں نہیں سنا۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ مشکل فیصلوں کے لیے تین ہفتے مشاورت کی، مشکل فیصلوں کے علاوہ کوئی چوائس نہیں تھی، ن لیگ نے ہمیشہ مشکل فیصلے کرکے ملکی معاملات کو استحکام دیا۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مشکل فیصلوں سے سیاسی نقصان ہوگا، مگر ملک زیادہ اہم ہے، حکومت پیٹرول کو قیمتِ خرید پر لا رہی ہے، ہم لوگوں کو ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ عمران خان چار سال کا حساب دیں۔