• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ابرار الحق کا بھارتی فلم میں اپنا گانا کاپی ہونے پر قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ

فوٹو، فائل
فوٹو، فائل

معروف پنجابی گلوکار ابرار الحق نے بھارتی فلم’جُگ جُگ جیو‘ میں اپنا گانا’نچ پنجابن‘ بغیر اجازت کاپی کرنے پر کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔

ابرار الحق نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔

اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ’بہت سارے مداح یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ آپ اپنا گانا (نچ پنجابن) چوری کرنے پر کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف عدالت میں کیوں نہیں جارہے۔‘

اُنہوں نے مداحوں کے اس سوال کا جواب دیتے ہوئے مزید کہا کہ ’جی بالکل، میں عدالت جا رہا ہوں، صرف اتنا کہہ دینا کافی نہیں کہ ہم نے آپ کو گانے کا کریڈٹ دے دیا ہے، آپ کا گانا بہت اچھا لکھا ہوا تھا اور ہماری فلم بہت ہٹ ہوگی۔‘

اُنہوں نے مزید کہا کہ’ میں نے اپنے گانے کے کاپی رائٹس کسی کو بھی نہیں دیئے ہیں، یہ گانا میرا ہے اس لیے میں قانونی کارروائی کرنے عدالت میں جارہا ہوں، وہاں ملاقات ہوگی۔‘

واضح رہے کہ گلوکار ابرارالحق نے کچھ دنوں پہلے بھارتی فلم میں اپنا ایک اور گانا کاپی کیے جانے پر بالی ووڈ کے پروڈیوسر کرن جوہر پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں ابرار الحق نے مشہور گانے نچ پنجابن کو فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے کسی بھی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں کیے۔

جس کے بعد کرن جوہر نے ابرار الحق کے مقبول گانے ‘نچ پنجابن’ کی چوری تسلیم کرتے ہوئے کریڈٹس میں پاکستانی گلوکار کا نام شامل کردیا تھا۔

تاہم، ابرار الحق کا کہنا ہے کہ اُنہوں نے اپنے گانے کے کاپی رائٹس کسی کو دیے ہی نہیں اس لیے وہ کرن جوہر اور ٹی سیریز کے خلاف گانا چوری کرنے پر قانونی کارروائی ضرور کریں گے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید