• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’نچ پنجابن‘ کی چوری تسلیم، فلم کے کریڈٹس میں ابرار الحق کا نام شامل

کراچی (پی پی آئی)کرن جوہر نے بالآخر ابرارالحق کے مقبول گانے ‘نچ پنجابن’ کی چوری تسلیم کرتے ہوئے کریڈٹس میں ابرار کا نام شامل کرلیاہے۔چند روز قبل دھرما پروڈکشن کے بینر تلے بننے والی فلم ‘جْگ جْگ جیو’ کے ٹریلرمیں نچ پنجابن کی نقالی سامنے آنے کے بعد ابرار نے اپنی ٹویٹ میں گانے کے کاپی رائٹس فروخت کرنے کی تردید کرتے ہوئے لکھا تھا کہ کرن جوہر جیسے پروڈیوسر کو میرا گانا کاپی نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ میرا چھٹا گانا کاپی کیا گیاہے جس کی ہرگزاجازت نہیں دوں گا۔ابرارکا کہناتھا کہ میں نے کسی بھارتی فلم کو اپنے گانے کے حقوق فروخت نہیں کیے، گانے کے استعمال پرہرجانے کے لیے کورٹ جانے کا حق محفوظ رکھتا ہوں۔اس چوری کے جواب میں کرن جوہرنے کوئی ردعمل نہیں دیاتھا تاہم کئی بڑے انٹرٹینمنٹ لیبلز کو کنٹرول کرنے والی برطانوی میوزک ایجنسی مووی باکس نے ابرارکی ٹویٹ پربیان جاری کیا کہ جْگ جْگ جیو میں نچ پنجابن کوشامل کرنے کے لیے باضابطہ طورپر لائسنس دیا گیا ہے۔کرن جوہراوردھرما موویز کو یہ گانا اپنی فلم میں استعمال کرنے کا قانونی حق حاصل ہے، ابرارالحق کا ٹویٹ توہین آمیزاورمکمل طورپرناقابل قبول ہے۔مووی باکس کے اس دعویٰ پر ابرارالحق نے جوابی ٹویٹ میں واضح کیا تھا کہ انہوں نے کسی کو بھی اس گانے کے استعمال کی اجازت کا لائسنس نہیں دیا ہے، اگرکوئی ایسا دعویٰ کرہا ہے تو لائسنس پیش کرے۔بعدازاں ایک یو ٹیوبرکو انٹرویومیں ابرارالحق نے مشروط پیشکش کرتے ہوئے کہا تھا کہ کرن جوہراوربھارتی اداکارکشمیر کی آزادی کا نعرہ لگائیں تو اپنا گانا انہیں ’گفٹ ’ کردوں گا۔تازہ ترین پیشرفت یہ ہے کہ کرن جوہرنے فلم کا گانا نچ پنجابن آج یو ٹیوب ریلیزکیا ہے جس میں ابرارالحق کو گانے کے بول اور میوزک کا مکمل کریڈٹ دیا گیا ہے۔

دل لگی سے مزید