• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں یہ پاگل ہے، مریم نواز

فائل فوٹو
فائل فوٹو

مریم نواز نے کہا ہے کہ ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ بڑا مسئلہ ہے، عمران خان نے 5 سے 12 گھنٹے لوڈشیڈنگ والا پاکستان شہباز شریف کے سپرد کیا۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان کو حکومت ملی تو ملک میں لوڈشیڈنگ صفر تھی، نواز شریف نے ملک میں بجلی کی لوڈشیڈنگ زیرو کر دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے بجلی کے بہت سارے کارخانے لگائے، عمران خان کی حکومت بنے بنائے بجلی کے کارخانے نہیں چلا سکی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 30 جون تک بجلی کے تمام بیمار پلانٹس چلا دیے جائیں گے، لوڈشیڈنگ میں بتدریج کمی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی نالائقیوں کا رونا نہیں روئیں گے، کام کرکے دکھائیں گے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھا کہ شیخ رشید کہہ رہے ہیں کہ عمران خان جاتے جاتے آنے والی حکومت کے لیے بارودی سرنگیں بچھا گئے۔

انہوں نے کہا کہ انہیں 4 ماہ پہلے پتہ چل گیا تھا کہ حکومت تو جانے والی ہے، پھر یہ خط والی سازش کا ڈراما رچایا گیا۔

مریم نواز نے چیئرمین پی ٹی آئی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے اپنے لوگ کہہ رہے ہیں کہ عمران خان تو پاگل آدمی ہے، کیوں اس پاگل آدمی کو اجازت دی ہوئی ہے کہ فتنہ فساد کرتا پھرے؟

انہوں نے کہا کہ میں سمجھتی تھی نیا مینڈیٹ لیا جائے، نئے الیکشن کرائے جائیں، جب یہ جتھا لے کر اسلام آباد آئے تو فیصلہ کیا کہ جتھے کے دباؤ میں نہیں آئیں گے۔

حکمران جماعت کی رہنما نے کہا کہ عوام کا وزیراعظم ہمہ وقت عوامی مسائل پرقابو پانے کی کوشش کر رہا ہے، ہم روٹھے ہوئے دوست ممالک کو منانے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا حکومت عمران خان کو ریلیف دے رہی ہے، وزیراعظم شہباز شریف خیبرپختونخوا کے عوام کو ریلیف دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کے پی میں شہبازشریف نے 2 دن پہلے آٹے کی فراہمی کا وعدہ پورا کیا۔

انہوں نے بتایا کہ خراب معاشی حالت کے باوجود شہباز شریف ریلیف دینے کی کوشش کر رہے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ حج اخراجات ساڑھے 8 لاکھ روپے سے کم کر کے 7 لاکھ کر دیا ہے، عوام کیلیے آگے اور بھی ریلیف آئے گا۔

قومی خبریں سے مزید