معروف امریکی گلوکارہ برٹنی اسپیئرز کی تیسری شادی کی تقریب کے دوران سابق شوہر نے گھر میں گھسنے کی کوشش کی جسے گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گزشتہ روز کیلیفورنیا میں برٹنی اسپیئرز اور سیم اصغری کی شادی کی تقریب جاری تھی جب گلوکارہ کے سابق شوہر نے بن بلائے وہاں جانے کی کوشش کی۔
پولیس کے مطابق گھر میں گھسنے والے ملزم کی شناخت جیسن الیگزینڈر کے نام سے ہوئی جو برٹنی اسپیئرز کا سابق شوہر ہے۔
الیگزینڈر کو پرائیوٹ گارڈز نے روکا تو اُس نے جھگڑا کیا جس کے بعد پولیس کو اطلاع دی گئی۔
پولیس نے برٹنی کے سابق شوہر کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتاری کے بعد پولیس کے علم میں آیا کہ ملزم کسی دوسرے شہر کی پولیس کو بھی مطلوب تھا۔
برٹنی اسپیئرز نے اپنے بچپن کے دوست الیگزینڈر سے 2004ء میں شادی کی تھی جو صرف 55 گھنٹے ہی چل سکی۔
گلوکارہ نے دوسری شادی کیون فیڈرلائن سے کی جس سے ان کے دو بیٹے ہیں۔
اب گزشتہ روز برٹنی اسپیئرز اور سیم اصغری رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے ہیں، دونوں کی پہلی ملاقات 2016 میں ہوئی تھی۔