ایم این اے عامر لیاقت حسین کے اچانک انتقال نے پاکستانی عوام، شوبز و سیاسی شخصیات کو افسردہ کردیا ہے، سوشل میڈیا پر مرحوم کو یاد کرتے ہوئے مختلف پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔
عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد سے سوشل میڈیا پر عالمی شہرت یافتہ گلوکار عاطف اسلم کے ایک پُرانے انٹرویو کا ویڈیو کلپ وائرل ہو رہا ہے جس میں وہ ہمارے معاشرے کی حقیقت بتا رہے ہیں۔
یہ ویڈیو کلپ میزبان و سینئر اداکارہ ثمینہ پیرزادہ کے شو کا ہے جس میں عاطف اسلم نے کہا تھا کہ ’ہمارے ملک میں اگر آپ کو لیجنڈ بننا ہے تو اس کے لیے آپ کو مرنا پڑے گا کیونکہ جب تک مریں گے نہیں کوئی آپ کو لیجنڈ نہیں بنائے گا‘۔
عاطف اسلم نے کہا کہ ’یہ ہمارے لیے بےحد افسوس کی بات ہے، ہم نے ایسی کئی شخصیات کو کھو دیا ہے، جنہیں اُن کی زندگی میں کبھی سراہا نہیں گیا لیکن جب وہ دُنیا سے چلے گئے تو یہ کہا گیا کہ بہت زبردست انسان تھا، اس جیسی شخصیت تو کوئی تھی ہی نہیں‘۔
واضح رہے کہ 9 جون، جمعرات کے روز عامر لیاقت حسین کراچی میں انتقال کرگئے تھے اور گزشتہ روز اُن کی تدفین کی گئی۔
عامر لیاقت حسین کی زندگی میں سوشل میڈیا پر اُنہیں بےحد تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔