خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 16 اور پینشن میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔ گریڈ 6 سے 16 تک پولیس شہدا پیکیج کو بڑھا دیا گیا ہے۔
کے پی اسمبلی میں صوبائی وزیر خزانہ تیمور سلیم جھگڑا نے 1 ہزار 332 ارب روپے کا بجٹ پیش کیا، بجٹ کو خوددار بجٹ کا نام دیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق 93 ارب روپے کی غیرملکی امداد بھی بجٹ میں شامل کی گئی ہے۔ پچھلے سال کے مقابلے میں صحت کے بجٹ میں 55 ارب کا اضافہ کیا گیا ہے۔
بجٹ میں جمعے کو ’’ورک فرام ہوم‘‘ کا فیصلہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جمعہ کو ورک فرام ہوم سے 2 سے 5 ارب روپے کی بچت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو 25 ارب روپے کا قرضہ فراہم کیا جارہا ہے، انصاف روزگار اسکیم کے لیے ایک ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ چھوٹے کارخانوں کے لیے قرضوں کی مد میں 12 ارب روپے ہیں۔