وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور پی ٹی آئی کے معاہدے کی تفصیلات پر جلد قوم کو اعتماد میں لیں گے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں گزشتہ روز ہونے والے اضافے کے حوالے سے جاری کیے گئے بیان میں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یہ بات کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے باخوبی آگاہ ہوں، ان شاء اللّٰہ معاشی مشکلات سے جلد نکلیں گے۔
وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کے پاس آئی ایم ایف کے معاہدے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں تھا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے ہونے والے معاہدے پر پی ٹی آئی حکومت نے دستخط کیے تھے۔
وزیرِ اعظم نے سوال اٹھایا کہ آئی ایم ایف سے بد ترین ڈیل کرنے والوں کا ضمیر ایسا ہے کہ سچائی کا سامنا کر سکیں؟
میاں شہباز شریف کا یہ بھی کہنا ہے کہ حیران ہوں کہ کیا خراب معاشی فیصلے کرنے والے سچائی کا سامنا کر سکتے ہیں؟