• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فیٹف کے اعلان کا خیرمقدم، وزیراعظم کی قوم کو مبارکباد

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی جانب سے تمام شرائط پوری کرنے کے فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے قوم کو مبارک باد دی ہے۔

وزیراعظم نے اس حوالے سے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ الحمد للّٰہ ’وائٹ لسٹ‘ کی طرف واپسی پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، تمام حکومتی اداروں، شخصیات اور متعلقہ ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، آپ سب کی کاوشیں رنگ لائی ہیں۔ وزیر مملکت حنا ربانی کھر اور وزارت خارجہ کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فیٹف سے متعلق تشکیل کردہ ’بنیادی سیل‘، اس میں شامل فوجی و سول قیادت اور ٹیم کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، یہ کریڈٹ انہیں جاتا ہے جو مسلسل اس قومی کاوش کے لئے کام کر رہے تھے، میں پاکستان کی جیت کے لئے کام کرنے والی تمام ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ فیٹف کا بیان پاکستان کی عالمی ساکھ کی بحالی کا اعتراف ہے، ان شاء اللّٰہ ایسی مزید خوش خبریاں آنے والے وقت میں پاکستان کا مقدر بنیں گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وائٹ لسٹ میں پاکستان کی واپسی سے معاشی و اقتصادی صورت حال کو بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اسی جذبے سے پاکستان کی معاشی بحالی کے لئے بھی کام کر رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید