• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کو گرے لسٹ میں ن لیگ کےدور میں شامل کیاگیا، شیریں مزاری

فائل فوٹو
فائل فوٹو

پی ٹی آئی رہنما شیریں مزاری کا کہنا ہے کہ قوم یاد رکھے کہ پاکستان کو گرے لسٹ میں ن لیگ کے دورِ حکومت میں شامل کیا گیا، ایف اے ٹی ایف پر جب کام ہو رہا تھا تو اس وقت ان لوگوں نے این آر او کیلئے اس کی مخالفت کی۔

وزیر مملکت حناربانی کھر کی پریس کانفرنس پر پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شیریں مزاری نے اپنا ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مبارک ہو، امپورٹڈ حکومت خصوصاً  حنا ربانی کھر کو فیٹف سے نکلنے کی اہمیت معلوم ہوگی۔

شیریں مزاری نے کہا کہ آپ میں کچھ شرم و حیا ہوتی تو آپ قوم اور تحریک انصاف سے معافی مانگتے، کیونکہ جب ہم یہ قانون سازی کر رہے تھے تو آپ نے اس کی مخالفت کی تھی۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ معافی اب قوم سے مانگو آپ، آپکی جماعت کیونکہ امپورٹڈ سرکار میں شامل دیگر جماعتوں نے اُس وقت ہماری مخالفت کرکے سنگین غلطی کی، آپ نے فیٹف قوانین کی مخالفت کرکے قوم سے زیادتی کی تھی۔

شیریں مزاری کا مزید کہنا تھا کہ اعتراف کرو عمران خان نے پاکستان کو بچایا اور گرے لسٹ سے نکلنے کا موقع دیا۔

پی ٹی آئی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ اب حنا ربانی کھر جو باتیں کر رہی ہیں ان کی ضرورت ہرگز نہیں، جب کام ہو رہا تھا اس وقت آپ لوگوں نے این آر او کیلئے اس کی مخالفت کی تھی۔

واضح رہے کہ وزیر مملکت خارجہ امور حنا ربانی کھر کا کہنا ہے کہ فیٹف کا اقدام پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے اقدامات کی کڑی ہے، اس معاملے پر جشن منانا قبل از وقت ہوگا، پاکستان کے ذمہ مزید کوئی اقدامات زیر التوا نہیں۔

قومی خبریں سے مزید