• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلون مسک نے ٹوئٹر کے عملے سے پہلی ملاقات میں کیا ڈیمانڈ کی ؟

ایلون مسک، فائل فوٹو
ایلون مسک، فائل فوٹو

امریکی کمپنی ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک نے ٹوئٹر کے عملے سے پہلی ملاقات میں ٹوئٹر صارفین کی تعداد کے حوالے سے ایک ڈیمانڈ کی۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، ایلون مسک چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر صارفین کی تعداد1 بلین تک پہنچ جائے۔

اُنہوں نے کہا کہ ’ٹوئٹر کو اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ صارفین پلیٹ فارم کا استعمال کرتے ہوئے محظوظ ہونے کیساتھ باخبر بھی رہیں‘۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ٹوئٹر کو چینی سُپر ایپلیکیشن ’وی چیٹ‘ جیسا بنایا جائے، جس کے ذریعے فوری پیغام رسانی، سوشل میڈیا، بلز کی ادائیگی، گیمز اور 1 بلین سے زیادہ صارفین کے ساتھ رابطہ ممکن ہے۔

ایلون مسک نے اس ملاقات کے دوران چینی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپ ’ٹک ٹاک‘ کے الگورتھم کی تعریف کرتے ہوئےکہا کہ ’ٹوئٹر بھی اسی طرح دلچسپ ہو سکتا ہے‘۔

مالیاتی پہلو کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ایلون مسک نے بامعاوضہ سبسکرپشنز کے اپنے مطالبے کو اس ملاقات کے دوران پھر دہرایا اور کہا کہ ’صارفین کو باخبر رکھنے اور ان کے اکاؤنٹس کی تصدیق کرنے کے لیے مخصوص چارجز وصول کیے جانے چاہیے‘۔

اُنہوں نے کہا کہ’میں  بطور سی ای او اپنی کمپنی ٹیسلا کے ہر کام میں خود شامل نظر آتا ہوں اور ٹوئٹرکے لیے بھی ایسا ہی کردار ادا کرنے والا ہوں‘۔

اُنہوں نے پلیٹ فارم پر بوٹس اور جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کریک ڈاؤن کرنے کی اہمیت پر بھی زور دیا -

یاد رہے کہ اس مسئلے کی وجہ سے ایلون مسک نے مئی میں ٹوئٹر ڈیل سے  تقریباً دستبردار ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

اُنہوں نے کہا تھا کہ ان کا اندازہ ہے کہ ٹوئٹر پر کم از کم 20 فیصد بوٹس یا جعلی اکاؤنٹس ہو سکتے ہیں، جو کہ ٹوئٹر کی جانب سے بتائی گئی 5 فیصد تعداد سے چار گنا زیادہ ہیں۔

ایلون مسک نے کہا کہ’اگر معاہدہ منظور ہو جاتا ہے تو کمپنی میں مالیاتی نظم و ضبط سے لے کر لاگت میں کمی کرنے تک، بڑی تبدیلیاں ہو سکتی ہیں، انہوں نے کمپنی سے ملازمین کو نکالے جانے کا بھی عندیہ دیا‘۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید