عامر لیاقت حسین کے پوسٹ مارٹم کے لیے 6 رکنی میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا۔
قبر کشائی سے متعلق جاری کردہ نوٹی فکیشن کے مطابق 23 جون کو صبح ساڑھے 9 بجے عامر لیاقت کی قبر کشائی ہوگی۔
میڈیکل بورڈ پولیس سرجن ڈاکٹر سمعیہ کی سربراہی میں تشکیل دیا گیا ہے، ایڈیشنل پولیس سرجن شاہد نظام،ایچ او ڈی فرانزک میڈیسن جناح پرویز مخدوم بھی ٹیم میں شامل ہیں۔
فرانزک ایکسپرٹ ڈاکٹر ہری رام اور ڈاکٹر گلزار علی بھی ٹیم کا حصہ ہونگے جبکہ ایم ایل او ڈاکٹر اریب بقائی بھی 6 رکنی میڈیکل ٹیم میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ 9 جون کو عامر لیاقت حسین کا کراچی کے علاقے خداداد کالونی میں واقعے اپنے آبائی گھر میں اچانک انتقال ہوگیا، ابتداتی معلومات کے مطابق ان کا انتقال گھر میں جنریٹر کا دھواں بھر جانے سے ہوا۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت میں عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم سے متعلق شہری کی جانب سے دائر کی گئی۔
عدالت نے درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کا تحریری حکم نامہ بھی جاری کیا تھا۔
دوسری جانب عامر لیاقت کی پہلی اہلیہ نے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم سے متعلق اپنے ٹوئٹر پیغام میں ان کے مداحوں سے رائے مانگی تھی۔
اپنے ٹوئٹر پیغام میں بشریٰ اقبال نے کہا تھا کہ کیا آپ سب جو مرحوم عامر لیاقت کے فین اور چاہنے والے ہیں پوسٹ مارٹم کے طریقہ کار کے حق میں ہیں؟
بشریٰ اقبال نے مزید کہا کہ ان کی روح کو یہ اذیت دے کر اپنی تسلی چاہتے ہیں؟ شریعت مطہرہ ہی اس قبیح عمل، مردے کی چیر پھاڑ اور قبر کشائی کی اجازت نہیں دیتی۔
انہوں نے مزید لکھا کہ اللّٰہ سب دیکھ رہا ہے۔