پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے کہا ہے کہ فوج نے عمران خان کی حکومت میں اینٹی منی لانڈرنگ بل پر کام کیا۔
قومی احتساب بیورو (نیب) ترمیمی بل سے متعلق اظہارِ خیال کرتے ہوئے فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ یہ ملک کو ’بنانا ریپبلک‘ بنانے جا رہے ہیں، یہ اندھیر نگری ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے وزیراعلیٰ پنجاب اسکول میں جا کر کہتے ہیں کرپشن کوئی بری چیز نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ فوج نے عمران خان کی حکومت میں اینٹی منی لانڈرنگ بل پر کام کیا، ہم نے ایف اے ٹی ایف کے بل کو پاس کیا۔
تحریک انصاف کے سینیٹر نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف سے نکلنے کا اعزاز عمران خان اور اداروں کو جاتا ہے۔
فیصل جاوید خان کا کہنا تھا کہ مشرف نے اعتراف کیا ان کی سب سے بڑی غلطی این آر او دینا تھا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ انہوں نے قانون ہی بدل دیا، اپنے کیسز ختم کردیے، کتنے بےگناہ لوگ جیل میں پڑے ہیں اور یہ کرپٹ لوگ حکمران بن گئے۔
سینیٹر نے کہا کہ دوتہائی اکثریت سے زیادہ پاکستانی کہتے ہیں ملک میں فوری الیکشن ہو۔