• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان سے معاشی تعاون بڑھ سکتا ہے، روسی قونصل جنرل

فائل فوٹو
فائل فوٹو

کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف کا کہنا ہے کہ روس اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون بڑھ سکتا ہے، تیل، گیس، توانائی اور زراعت سمیت کئی شعبوں میں دونوں ممالک ایک دوسرے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

روسی قونصل جنرل نے ایک ویب سائٹ کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ پاکستان اور روس کے درمیان دوستانہ تعلقات ہیں تاہم مغرب کی غیرقانونی پابندیوں کی وجہ سے پاکستان اور روس کے درمیان تجارت کا عمل متاثر ہے۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کو مل کر بیٹھنا ہو گا اور اس کا حل تلاش کرنا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان زراعت، میڈیکل و سرجیکل سمیت کئی شعبوں میں روس کو مدد فراہم کر سکتا ہے۔

آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے بتایا کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس میں بھی تجارت سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا تاہم تیل کی خریداری کے معاہدے کی تفصیل یا پاکستانی وزرا کے روس سے تجارتی رابطے کی تفصیلات کا انہیں علم نہیں تاہم یہ معاملات زیر غور ضرور رہے ہیں۔

روسی قونصل جنرل کاکہنا تھا کہ روس اور یوکرین کے درمیان تنازع کے حل میں مغربی ممالک سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی پرامن مذاکرات کا عمل شروع ہونے لگتا ہے روک دیا جاتا ہے اور اس کے تانے بانے واشنگٹن سے ملتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمارا موقف بالکل واضح ہے ہم کسی کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ روسی شہریوں کو قتل کرے۔

آندرے وکٹرووچ فیڈروف نے کہا کہ گزشتہ 8 سال سے یوکرین سے بات چیت کے ذریعے معاملات طے کرنے کی کوشش کی جا رہی تھی تاہم مسئلہ حل نہ ہونے کی صورت میں اسپیشل آپریشن شروع کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ یہ کوئی جنگ نہیں ہے یہ ایک اسپیشل آپریشن ہے، مغربی ممالک اس میں جلتی آگ پر تیل کا کام کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا اگر چین، روس اور یورپی ممالک سمیت ایشیائی ممالک کے درمیان تجارتی سرگرمیاں بہتر ہوجائے گی تو اس خطے میں امریکا کا کوئی کردار نہیں رہے گا، اس لیے وہ اس خطے کو مستحکم نہیں ہونے دیتے۔‘

وکٹرووچ فیڈروف نے مزید کہا کہ روسی صدر نے بالکل واضح پیغام دیا ہے کہ اب ہم مغرب پر بالکل بھی بھروسہ نہیں کریں گے۔

قومی خبریں سے مزید