سابق وزیراعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینیٹر یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ 2013ء میں عمران خان کو مشورہ دیا تھا کہ وہ اِس وقت حکومت میں نہ آئیں۔
سینیٹ اجلاس کے دوران اظہارِ خیال کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ میں واحد وزیراعظم تھا جس نے 5 بجٹ پاس کیے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جب 2013ء میں گرے تھے تو میں ان سے ملنے گیا تھا، میں نے ان سے کہا آپ کو ابھی حکومت میں نہیں آنا چاہیے۔
موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ ملک کے معاشی حالات ابتر ہوئے ہیں، ان کے دور میں 3 وزیر خزانہ تبدیل ہوئے، 3 وزیروں کا تبدیل ہونا اچھی خبر نہیں۔
پیپلز پارٹی کے رہنما کا کہنا تھا کہ عوام سمجھدار ہیں، انہیں معلوم ہے کہ پوری دنیا میں کیا حالات ہیں، ہم سخت فیصلے کر رہے ہیں، اس سے ڈالر ریٹ بھی کم ہوگا۔ مہنگائی بھی کم ہوگی، سعودی عرب، امریکہ اور برطانیہ بھی معاہدے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کے مستقبل کے لیے غیرمقبول فیصلے کر رہے ہیں، اگر آپ نیب قانون پر پریشان ہیں تو سنیں، ہم آپ کے حق کی بات کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ افواہ ہے کہ ڈالر اکاؤنٹ منجمد ہوجائیں گے، یہ افواہ تب بھی اڑی تھی جب میں وزیراعظم تھا۔
یوسف رضا گیلانی نے یہ بھی کہا کہ میں جب وزیراعظم بنا تب دنیا میں بحران تھا، میں نے معیشت کو زراعت کی طرف کیا۔